بغداد:28/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے اپنی ہفتہ وار نیوز کانفرنس میں دعویٰ کیا ہے کہ ہم داعش کا تین ماہ میں قلع قمع کرسکتے ہیں۔عراق کے سرکاری ٹیلی ویژن کی اطلاع کے مطابق وزیراعظم حیدر العبادی نے کہا کہ صورت حال سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ عراق کو داعش کے استیصال کے لیے مزید تین ماہ درکار ہوں گے۔داعش کے خلاف شمالی شہر موصل میں جاری لڑائی کے خاتمے سے متعلق یہ ان کی نئی پیشین گوئی ہے۔ماضی میں انھوں نے یہ کہا تھا کہ موصل کو سال کے اختتام تک بازیاب کرالیا جائے گا لیکن سال ختم ہونے کو ہے،ان کا دعویٰ پورا نہیں ہوا تو انھوں نے داعش کے خاتمے سے متعلق ایک نئی تاریخ دے دی ہے۔عراق کے فوجی کمانڈروں کا کہنا ہے کہ موصل میں داعش کے خلاف لڑائی عام شہریوں کی زندگیاں بچانے کے لیے سست روی کا شکار ہوگئی ہے کیونکہ بہت سے مکینوں نے اپنا گھربار چھوڑنے اور شہر خالی کرنے سے انکار کردیا ہے۔عراقی فورسز نے موصل میں داعش کے خلاف گذشتہ دوماہ سے زیادہ عرصے سے جاری لڑائی کے بعد شہر کے ایک چوتھائی حصے پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔امریکی فوج کے ایک کمانڈر نے سوموار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ عراقی فوج آیندہ دنوں میں نئے مرحلے کا آغاز کرے گی۔اس دوران امریکی فوجیوں کو بھی شہر میں اگلے محاذوں پر داعش کے خلاف لڑائی کے لیے بھیجا جائے گا۔